حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام، نورخواہ اوڑی، کشمیر نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید اور جلیل القدر فقیہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے اسے عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ناقابلِ تلافی علمی و دینی نقصان قرار دیا ہے۔
تعزیتی پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم الله الرحمن الرحيم
﴿إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ﴾
رحلتِ جانگداز حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ
نہایت رنج و غم اور قلبی افسوس کے ساتھ عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع کی عظیم علمی و دینی شخصیت، فقیہِ اہلِ بیتؑ، مرجعِ عالی قدر، استادِ برجستۂ حوزہ ہائے علمیہ، حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کی رحلتِ جانگداز پر بارگاہِ امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، علمائے کرام، طلابِ علومِ دینیہ اور تمام مؤمنین و محبینِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں ہدیۂ تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی پوری زندگی علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج و اشاعت، فقہ و معارفِ اہلِ بیتؑ کی خدمت، تدریس و تحقیق، تربیتِ علماء و فضلاء اور شعائرِ دینی کے احیاء میں گزری۔ آپؒ کی علمی، فقہی اور دینی خدمات عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہیں، جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
خصوصاً اہلِ بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے آپؒ کی بے مثال عقیدت و محبت اور حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہراؑ کی مجالسِ عزاء سے والہانہ وابستگی آپؒ کی حیاتِ مبارکہ کا نمایاں وصف رہی۔
بلاشبہ آپؒ کی رحلت عالمِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی علمی و دینی نقصان ہے۔ ہم بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعاگو ہیں کہ پروردگارِ عالم بحقِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام مرحوم و مغفور کو جوارِ رحمتِ الٰہی میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے اور پسماندگان، شاگردان، عقیدت مندوں اور تمام اہلِ ایمان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
منجانب:
حوزہ علمیہ امام ہادی علیہ السلام
نورخواہ، اوڑی، کشمیر، ہندوستان










آپ کا تبصرہ